0

تھانوں میں ایس ایچ اوز کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی، آر پی او کی یقین دہانی

مطالعے کا وقت: 4 منٹ

اہم نکات:

  • الیکٹرانک میڈیا کے بیوروچیفس کے وفد نے آر پی او فیصل آباد انعام الرحمن ملک سے ملاقات کی۔
  • آر پی او نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، تاہم کسی بے گناہ شہری کے خلاف جھوٹا مقدمہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
  • پولیس میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
  • پولیس گاڑیوں میں جدید ٹریکرز لگیں گے، 15 ایمرجنسی کال پر رسپانس مزید بہتر بنایا گیا ہے اور کھلی کچہریاں لگیں گی۔

فیصل آباد: ریجنل پولیس آفیسر انعام الرحمن ملک نے کہا ہے کہ ریجن بھر کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ہینڈ آؤٹ کے مطابق الیکٹرانک میڈیا کے بیوروچیفس کے ایک وفد نے آر پی او سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون، عوامی مسائل کے حل اور میڈیا کے ذریعے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفد میں عبدالباسط، خرم شہزاد، سجاد حیدر، غلام دستگیر، شہروز عباد، جاوید اختر، شیراز احمد، محمد طیب، محمود احمد، محمد عزیز، ملک خالد اور جویریہ شامل تھے، جبکہ پریس کلب کے سیکرٹری شوکت علی وٹو بھی وفد کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے دوران بیوروچیفس نے پولیس گشت کے نظام، بچوں کے تحفظ، بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی کے لیے پمفلٹس کی تقسیم اور ریجن بھر کے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی موجودگی یقینی بنانے کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔

بیوروچیفس کے سوالات کے جواب میں آر پی او نے ان امور پر مؤثر اقدامات اٹھانے اور عوامی شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔

آر پی او نے کہا کہ منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاہم کسی بے گناہ شہری کے خلاف جھوٹی یا من گھڑت منشیات کی کارروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خواتین اور بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس گاڑیوں میں جدید ٹریکرز کی تنصیب کے ذریعے گشت کی مؤثر نگرانی کی جائے گی اور ریجن بھر میں پولیس گشت کو مزید مؤثر اور یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آر پی او نے کہا کہ 15 ایمرجنسی کالز پر پولیس کے رسپانس ٹائم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے اور عوامی مسائل کے فوری حل اور شکایات کے ازالے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ملاقات کی ویڈیوز

انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کا خاتمہ، عوام کو انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی ان کی اولین ترجیحات ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Read in English

Author Profile

Staff Report
Staff Report
Emotion Map:
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
↑ English