اہم نکات:
- ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیصل آباد ڈویژن کے ویٹرنری مراکز کا دورہ کیا۔
- جائیکا سروے ٹیم کی رکن نے واسا کے کسٹمر سینٹر اور ون ونڈو ڈیسک کا جائزہ لیا۔
- ایف ڈی اے میں ہفتے کے روز بھی تعطیل ہوگی، دفتری اوقات کا نیا شیڈول نافذ کر دیا گیا۔
فیصل آباد: ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیصل آباد ڈویژن کے مختلف ویٹرنری مراکز کا دورہ کیا اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، محکمانہ خدمات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال 199 آر بی اور سول ویٹرنری ہسپتال کھرڑیانوالہ کے علاوہ تحصیل چک جھمرہ کے سول ویٹرنری ہسپتال 189 آر بی، 106 جے بی اور 103 جے بی کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس اور سہولت مرکز جھمرہ کے علاوہ ضلع چنیوٹ میں سول ویٹرنری ڈسپنسری 125 جے بی کا دورہ بھی کیا گیا۔
سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق ڈائریکٹر نے مختلف مراکز میں عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات و ویکسین کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور سرکاری ریکارڈ کی تکمیل کا جائزہ لیا۔ مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار اور مراکز کی مجموعی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا گیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت اور معیاری ویٹرنری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ادویات و ویکسین کے سٹاک کی مناسب دیکھ بھال اور ریکارڈ کی باقاعدہ تکمیل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ویٹرنری مراکز کی موثر نگرانی، دستیاب وسائل کا بہتر استعمال اور مویشی پال حضرات کو معیاری سہولیات کی فراہمی محکمہ لائیوسٹاک کی اولین ترجیحات ہیں۔
جاپانی سروے افسر کا واسا سہولتوں کا جائزہ
جائیکا کے واٹر امپروومنٹ پراجیکٹ کی ابتدائی سروے ٹیم کی رکن مس میکیکو ازوما نے واسا ہیڈ آفس میں کسٹمر ریلیشنز سینٹر اور ون ونڈو ڈیسک کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں فراہم کردہ سروسز بارے آگاہی حاصل کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سی آر سی محمد امین ڈوگر نے انہیں واسا پنجاب کے کمپلینٹ پورٹل پر شکایات، ان کے حل اور ان کے ریکارڈ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ون ونڈو ڈیسک میں فراہم کردہ سروسز بارے بھی آگاہ کیا گیا۔
سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق ون ونڈو سینٹر میں بلز کی درستگی، اقساط، عوامی شکایات اور پنشن کے امور بارے بنیادی سروسز ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس سے عوام کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے سے نجات حاصل ہوتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر نے بتایا کہ ون ونڈو ڈیسک سے روزانہ کی بنیاد پر درجنوں شہریوں کو ان کی متعلقہ شکایات میں ریلیف دیا جا رہا ہے۔ اس سے عوام کا واسا فیصل آباد پر اعتماد مزید بڑھا ہے، جبکہ مس ازوما نے کسٹمر سینٹر اور ون ونڈو ڈیسک کی سروسز کو قابل قدر قرار دیا۔
ایف ڈی اے میں ہفتے کی چھٹی بحال
فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں دفتری اوقات کا نیا شیڈول نافذ کیا گیا ہے جس کے مطابق اب ہفتے کے روز ایف ڈی اے میں تعطیل ہوگی۔ سوموار سے جمعہ تک دفتری اوقات صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز نماز جمعہ کے لیے دوپہر ایک بجے سے دو بجے تک ایک گھنٹے کا وقفہ ہوگا اور ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اتھارٹی کے دفتری اوقات کار میں تبدیلی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ یہ فیصلہ ایف ڈی اے کی گورننگ باڈی کے 126ویں اجلاس میں دی گئی منظوری کے تحت کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ نئے شیڈول کے نفاذ کے باوجود ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے طے شدہ سرکاری امور، اجلاس اور دیگر سرکاری مصروفیات متاثر نہیں ہوں گی۔
Author Profile

Latest Entries
تعلیمنومبر 4, 2026پاک کوریا غذائیت کانفرنس اختتام پذیر، مرکزِ فضیلت کی تجویز
فیصل آبادنومبر 4, 2026فیسکو کا 7 اور 8 نومبر کو بجلی بندش کا شیڈول جاری
پاکستاننومبر 4, 2026تین برس میں 29 لاکھ پاکستانی بیرون ملک چلے گئے: جماعت اسلامی کا حکومت پر وار
فیصل آبادنومبر 4, 2026فیصل آباد کو ٹیسٹنگ لیبارٹری ملے گی، پرانے معیار اپ گریڈ ہوں گے






