0

پنجاب میں قبضہ مافیا اور سفارش کے لیے اب کوئی جگہ نہیں

مطالعے کا وقت: 1 منٹ

اہم نکات:

  • وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپنی مرضی کا ڈپٹی کمشنر نہ لگنے پر غصہ مناسب نہیں۔
  • وزیراعلیٰ مریم نواز ڈپٹی کمشنر میرٹ اور حکومتی پالیسی کے مطابق لگاتی ہیں، کسی کے کہنے پر نہیں۔
  • پنجاب میں قبضہ مافیا اور رسہ گیروں کے لیے کوئی جگہ نہیں رہی اور سفارش کا کلچر ختم ہو چکا ہے۔
  • صوبے کا بجٹ شفاف طریقے سے چھوٹے شہروں تک پہنچایا گیا ہے اور ہر شہر میں یکساں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
  • لیپ ٹاپ، اسکالرشپ، الیکٹرک بسیں اور گھر سیاسی وابستگی دیکھے بغیر شہریوں کو مل رہے ہیں۔

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اپنی مرضی کا ڈپٹی کمشنر تعینات نہ ہونے پر اتنا غصہ جائز نہیں، کیونکہ وزیراعلیٰ مریم نواز ڈپٹی کمشنر کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ میرٹ اور حکومتی پالیسی کے مطابق تعینات کرتی ہیں۔

چوہدری سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں پسند ناپسند، سفارش اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر فیصلوں کا کلچر ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا ہے۔ ڈیروں کے ملازمین کو سفارش کے ذریعے سرکاری عہدوں پر نوازنے کا رواج بھی ختم ہو چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب میں قبضہ مافیا اور رسہ گیروں کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سالک حسین جس تھالی میں کھا رہے ہیں، اسی میں چھید نہ کریں، اور بیان بازی سے پہلے شافع حسین سے حقائق معلوم کر لینے چاہئیں تھے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کے بجٹ کو شفاف اور منصفانہ طریقے سے چھوٹے شہروں تک منتقل کیا ہے اور پہلی مرتبہ بلا تفریق تمام شہروں میں یکساں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ پورے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور ہر شہری کا صوبائی وسائل اور خزانے پر اتنا ہی حق ہے جتنا لاہور کے شہری کا۔

لاہور کے بچوں کو ملنے والے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ گجرات، ملتان، رحیم یار خان، ساہیوال اور سرگودھا کے طلبہ کو بھی مل رہے ہیں۔ لاہور میں چلنے والی الیکٹرک بسیں ملتان، وہاڑی اور رحیم یار خان میں بھی عوام کو سفری سہولت دے رہی ہیں اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں مستحق خاندانوں کے گھر بن رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاہور کا صفائی نظام پنجاب کے دیہی علاقوں تک بھی پھیلا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کسی کسان کو ٹریکٹر یا کسی طالب علم کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ دینے سے پہلے اس کی سیاسی وابستگی نہیں پوچھتیں۔

انھوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ ہیں جنھوں نے سرکاری جہاز کے استعمال کے اخراجات بھی خود ادا کیے ہیں۔ ان کی حکومت نے گجرات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 12 ارب روپے خرچ کیے ہیں اور وہ ترقیاتی کام بھی کر دیے ہیں جو کئی دہائیاں پہلے ہو جانے چاہئیں تھے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ صوبے کے ہر شہر، ہر علاقے اور ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل میں جائز حصہ ملے گا اور کسی علاقے کو سیاسی وابستگی یا پسند ناپسند کی بنیاد پر نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

Author Profile

Staff Report
Staff Report
Emotion Map:
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
↑ English