اہم نکات:
- نوے کی دہائی کے پولیس مقابلے مسلسل تکرار سے معاشرے کا معمول بن گئے
- اب پولیس حراست میں ملزم کو مدعی کے ہاتھوں تھپڑ مروانا بھی معمول بنتا جا رہا ہے
- ماورائے عدالت قتل کبھی آن ریکارڈ تسلیم نہیں ہوئے؛ تھپڑ سرکاری سطح پر فخر سے شیئر ہو رہے ہیں
- قانون اور مذہب دونوں خطا اور عمد میں فرق رکھتے ہیں؛ فوری انصاف یہی فرق مٹا دیتا ہے
جس صوبے میں جعلی مقابلے معمول تھے، وہاں آج حراست میں تھپڑ بھی معمول بنتا جا رہا ہے۔
نارملائزیشن پراسس تھیوری (NPT) سوشیالوجی اور ماس کمیونیکیشن میں پڑھائی جاتی ہے۔ اس کو آسان الفاظ میں سمجھیں تو اس تھیوری کا مطلب ہے کہ کسی بھی نئی چیز یا کام کو مسلسل کرتے رہنا کہ یہ نارمل لگنے لگے۔
یہ نیا نہ لگے یا یوں کہہ لیں کہ یہ معاشرے کے قوانین، اخلاقیات اور روایات سے متصادم تو ہو مگر مسلسل ہوتے رہنے سے یہ نارمل لگنے لگے اور اس کو لوگ قوانین، اخلاقیات یا روایات کے خلاف سمجھنا چھوڑ دیں۔
یہاں تھیوری سمجھانا مقصد نہیں بلکہ یہ صرف بات سمجھانے کے لیے ریفرنس ہے۔ اب آتے ہیں اصل بات کی طرف۔
یہ نوے کی دہائی کی بات ہے جب پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران پولیس مقابلوں کی بھرمار تھی اور ساتھ ہی جعلی پولیس مقابلوں میں ملزمان کو مارنے اور ماورائے عدالت قتلوں کا شور تھا۔
پھر یہ پولیس مقابلے اس تواتر سے جاری رہے کہ یہ نارمل لگنے لگے۔
صحافتی کیریئر میں اکثر پولیس افسران سے مبینہ جعلی پولیس مقابلوں پر بحث مباحثہ ہوتا۔
پولیس کی طرف سے ہمیشہ یہ دلیل دی جاتی کہ ان ملزمان کو مارا جاتا ہے جو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل یا ڈکیتی کے دوران ریپ کے مرتکب ہوتے ہیں۔
مدعیوں کو انصاف کے حصول کے لیے لمبے عدالتی چکروں سے بچانے کے لیے اور جرائم پیشہ عناصر کے دل میں قانون کا ڈر بٹھانے کے لیے ان ملزمان کا مارا جانا ضروری ہوتا ہے۔
دوسری طرف بطور صحافی ہماری یہ دلیل رہتی تھی کہ عدالتی عمل کو طویل کی بجائے مختصر بنانے کے لیے قانون سازی کروائیں مگر خود جزا و سزا کا فیصلہ کرنے کا اختیار پولیس کے پاس نہیں ہے۔
خیر یہ بحث چلتی رہی اور آہستہ آہستہ دم توڑتی گئی۔ وجہ یہ نہیں کہ پولیس کے دلائل مضبوط تھے بلکہ معاشرہ اس نیو نارمل کو قبول کرتا گیا۔
اور آج حالات یہ ہیں کہ کسی بھی سنگین جرم کے ملزم کو پکڑے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ہی اس کے پولیس مقابلے کا مطالبہ زور پکڑ جاتا ہے۔
اور ہم جیسے کچھ قانون کی بات کرنے والوں کی کمزور سی آواز اس شور میں دب جاتی ہے۔
زیادہ تکلیف کی بات یہ ہوتی ہے کہ بہت سے صحافی بھی ان مبینہ جعلی پولیس مقابلوں پر بھنگڑے ڈال ڈال کر پولیس کی تعریفیں کر رہے ہوتے ہیں حالانکہ صحافی کا کام آئین و قانون کی حکمرانی کی بات کرنا ہے۔
پولیس مقابلے تو اب نارمل ہو چکے اور معاشرہ ان کو قبول بھی کر چکا مگر اب بات اس سے بھی آگے چلی گئی ہے۔
اب معمولی تلخ کلامی پر اگر دو لوگوں میں ہاتھا پائی ہوتی ہے اور طاقتور کمزور کو تھپڑ مار دیتا ہے تو اس کے بعد پولیس حرکت میں آتی ہے۔
تھپڑ مارنے والے کو پکڑا جاتا ہے، اس کے ہاتھ پیچھے باندھ کر تھپڑ کھانے والے کے سامنے لایا جاتا ہے اور اس دوران مدعی کو تھپڑ مارنے کی خاموش اجازت ہوتی ہے۔
لاہور میں پٹرول پمپ ملازم نے پولیس حراست میں ملزم کو تھپڑ مارے۔ فیصل آباد میں سیلز گرل نے پولیس حراست میں ملزم کو تھپڑ مارے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے فخر سے یہ ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا قانون میں پولیس حراست میں ملزم پر پولیس یا مدعی کی طرف سے تشدد کی اجازت ہے؟ کیا عدالتوں کا کام ختم ہو گیا ہے؟
کیا اس طرح پکڑ کر تھپڑ مروانے سے لوگوں میں ذاتی دشمنیاں نہیں بن رہیں اور جب کسی کو موقع ملے گا وہ بدلہ نہیں لے گا؟
کیا اس سے یہ رجحان پروان نہیں چڑھ رہا کہ تھپڑ کا بدلہ لے سکتے ہو تو فوری جوابی تھپڑ مارو۔ اور سب سے اہم کہ قانون ہاتھ میں نہ لینے والے قانون کا اب کیا کرنا ہے؟
وہ صفحہ قانون کی کتاب سے پھاڑ کر پھینک دیں؟
یہ تھپڑ انصاف تو ماورائے عدالت قتلوں سے بھی زیادہ خطرناک ہے کیونکہ ماورائے عدالت قتل تو پولیس یا حکمرانوں کی طرف سے کبھی آن ریکارڈ تسلیم ہی نہیں کیے گئے۔
مگر تھپڑ تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے نہ صرف تسلیم کیے جا رہے ہیں بلکہ فخریہ انداز میں سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیے جا رہے ہیں۔
ماورائے عدالت قتل تو رات کے اندھیرے میں کسی ویرانے میں کیے جاتے تھے، یہ تھپڑ تو دن کی روشنی میں تھانوں میں مروائے جا رہے ہیں اور ان کی ویڈیوز بنا کر شیئر بھی کی جا رہی ہیں۔
یہ تھپڑ انصاف تو ماورائے عدالت قتلوں سے بھی زیادہ خطرناک ہے
ابھی تو پنجاب حکومت کے اس عمل کے خلاف کچھ آوازیں اٹھ رہی ہیں مگر خوف اس بات کا ہے کہ کہیں یہ بھی نیو نارمل نہ بن جائے اور معاشرہ اس کو تسلیم نہ کر لے۔
اور خوف یہ بھی ہے کہ اگر یہ نیو نارمل بن گیا تو اس سے آگے کیا ہو گا؟ فرض کریں کل کوئی اور حکمران آتا ہے اور فوری انصاف کے لیے اس سے ایک قدم آگے بڑھتا ہے تو کیا ہو گا؟
اس سے آگے اس سے بھی خوفناک چیزیں ہیں… اگر فوری انصاف کے لیے کل کو کسی حکمران نے مقتول کے بھائی یا باپ کے ہاتھ میں پستول تھما دیا کہ یہ لو، قاتل کو مار کر بدلہ لے لو تو؟
اور خدانخواستہ اللہ نہ کرے اللہ نہ کرے میرے منہ میں خاک کہ وہ وقت آئے… اگر کوئی ریپ کا ملزم پکڑا گیا اور حکمران فوری انصاف دینے پر آ گئے تو؟
کیا یہ فوری انصاف والے انسانی جبلت کے اس پہلو کو بھول گئے ہیں کہ انسان خطا کا پتلا ہے۔
غلطی، خطا، ذہنی دباؤ میں کوئی عمل کر جانا، ہیٹ آف دی مومنٹ… ان انسانی کمزوریوں کو تو قانون اور مذہب دونوں نے تسلیم کیا ہے۔
اسی لیے تو قانون میں خطا اور عمد کی شقیں ہیں اور ان کی سزا میں بھی فرق ہے۔ اسلام نے بھی اسی انسانی کمزوری کو تسلیم کرتے ہوئے دیت کی گنجائش دی ہے۔
آخر میں صرف اتنی عرض ہے کہ معاشرے قانون اور انصاف پر قائم رہتے ہیں اور ان کا ایک طریقہ کار طے ہے۔ جذباتیت معاشروں کو لے ڈوبتی ہے۔
Author Profile
Latest Entries
پنجابنومبر 10, 2026پنجاب: ماورائے عدالت انصاف — پہلے مقابلے، اب تھپڑ






