0

قومی کھیل کی بحالی، 72 سکولوں کو ہاکی کٹس

مطالعے کا وقت: 3 منٹ

اہم نکات:

  • فیصل آباد ڈویژن کے 72 سکولوں کی ٹیموں کو ہاکی کٹس دے دی گئی ہیں۔
  • ملک بھر میں 800 سے زائد سکولوں میں جدید ہاکی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں، 50 فیصد بچیوں کی شمولیت یقینی ہے۔
  • فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف جلد بچھائی جائے گی، گراؤنڈ چھ ماہ میں فعال ہو جائے گا۔

فیصل آباد میں رانا احمد شہریار نے 72 سکولوں کی ٹیموں کو ہاکی کٹس دے دی ہیں۔

ڈی پی آر کے ہینڈ آؤٹ کے مطابق، رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں 72 سکولوں کے طلبا و طالبات کو ہاکی کٹس تقسیم کیں۔

یہ کٹس قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نئی نسل کو ہاکی میں آگے لانے کے عملی اقدامات کا حصہ ہیں۔ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان کی ہدایات پر جاری ہیں۔

تقریب میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل عمر، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔

رانا احمد شہریار نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر فیصل آباد ڈویژن کے عوام اور نوجوانوں کے لیے ہاکی کی بحالی کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ڈویژن کے سکولوں کے درمیان ہاکی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اسلام آباد کے ایونٹس میں شرکت کے مواقع ملیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہاکی فیڈریشن نے پورے پاکستان کے لیے پورٹل قائم کیا ہے، جہاں کھیلوں بالخصوص ہاکی سے متعلق ضروریات کے لیے میرٹ پر درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔

سیاست سے بالاتر ہو کر فیصل آباد ڈویژن کے عوام اور نوجوانوں کے لیے ہاکی کی بحالی کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

صدر ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اشتراک سے ملک بھر میں سکول ڈویلپمنٹ پروگرام شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت 800 سے زائد سکولوں میں جدید ہاکی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

پروگرام میں نرسری لیول سے انڈر 15 کھلاڑیوں کی تیاری پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ اس اقدام میں 50 فیصد بچیوں کی شمولیت یقینی بنائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں تسلسل کے فقدان سے قومی کھیل کو نقصان پہنچا، تاہم اب مربوط حکمت عملی کے تحت ہاکی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ایک سے دو سال میں ہاکی کے میدان میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔

تقریب میں بتایا گیا کہ فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف جلد بچھائی جائے گی اور آئندہ چھ ماہ میں گراؤنڈ کو فعال کر دیا جائے گا۔

Read in English

Author Profile

Staff Report
Staff Report
Emotion Map:
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
↑