0

فیصل آباد کو ٹیسٹنگ لیبارٹری ملے گی، پرانے معیار اپ گریڈ ہوں گے

مطالعے کا وقت: 1 منٹ

اہم نکات:

  • پی ایس کیو سی اے فیصل آباد میں مختلف مصنوعات کی ٹیسٹنگ کے لیے لیبارٹری قائم کرے گی۔
  • متروک معیارات اپ گریڈ کرنے کی سفارشات وفاقی کابینہ کو پیش کی جائیں گی۔
  • عوامی آگاہی کے لیے نومبر کے آخری ہفتے میں مشترکہ سیمینار کا اعلان کیا گیا ہے۔
  • بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہیلپ ڈیسک اور فوکل پرسن کا یقین دلایا گیا ہے۔

فیصل آباد: پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی فیصل آباد میں ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرے گی، جبکہ متروک ہونے والے معیارات کو اپ گریڈ کرنے کی سفارشات وفاقی کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کر دی جائیں گی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی معیاری مصنوعات کی تیاری کے ذریعے برآمدات بڑھانے کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کی ذمہ داریوں میں لوگوں کے لیے سہولتیں مہیا کرنا بھی شامل ہے مگر اس پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔ اتھارٹی کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام جاری ہے اور عوام کی آگاہی کے لیے نومبر کے آخری ہفتے میں مشترکہ سیمینار منعقد کرایا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے کہا کہ وہ معیارات بارے اپنی سفارشات پیش کریں تاکہ ان کی کابینہ سے منظوری لی جا سکے۔ مقامی دفتر کو دوبارہ چیمبر کمپلیکس میں منتقل کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے انہوں نے اتھارٹی کے مقامی سربراہ ذکاء اللہ سے کہا کہ وہ اس حوالے سے تجویز دیں تاکہ اس کی منظوری دی جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف ٹیسٹوں کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے آؤٹ سورسنگ کی شق موجود ہے جس کے تحت لیتھیم بیٹری سمیت دیگر اشیاء کے ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں سے کرائے جا سکتے ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہیلپ ڈیسک اور فوکل پرسن نامزد کرنے کا بھی یقین دلایا گیا۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں محمد سعید نے اتھارٹی کی فوری ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سے نہ صرف فیصل آباد بلکہ اردگرد کے اضلاع کے صنعتکاروں کے لیے بھی آسانیاں پیدا ہوں گی۔

انہوں نے اتھارٹی کے دفتر کی چیمبر کمپلیکس منتقلی کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ لیبارٹری کے لیے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں جگہ کے لیے بھی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔

آخر میں سینئر نائب صدر میاں محمد سعید نے ڈاکٹر سیدہ ضیاء بتول کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ ایگزیکٹو ممبر محمد عمر، بریگیڈیئر (ر) عامر سہیل، اسد علی اور ڈاکٹر طاہر وحید نے سوال و جواب کی نشست میں حصہ لیا۔

Read in English

Author Profile

Staff Report
Staff Report
Emotion Map:
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
↑