اہم نکات:
- CERP اور فیصل آباد چیمبر کے درمیان ڈیٹا پر مبنی تحقیق پر تبادلہ خیال
- فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سرکلر سٹی قرار دینے کے لیے مطالعے کی تجویز
- مشترکہ صنعتی ڈیٹا بیس اور AI پائلٹ منصوبوں کی تجویز
- چیمبر نے CERP کی ڈائریکٹر مہر ٹوآنہ کو اعزازی شیلڈ پیش کی
فیصل آباد: چیمبر نے شہر کو ٹیکسٹائل سرکلر سٹی بنانے کے لیے مطالعہ کرانے کی تجویز دی ہے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ہینڈ آؤٹ کے مطابق، سنٹر فار اکنامک ریسرچ اِن پاکستان (CERP) کی ڈائریکٹر لرننگ ہب محترمہ مہر ٹوآنہ نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کیا۔
مہر ٹوآنہ نے کہا کہ ڈیٹا اور حقائق پر مبنی تحقیق سے فیصلہ سازی کے معیار کو بہتر بنا کر پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی ترقی کی رفتار بڑھائی جا سکتی ہے۔
مہر ٹوآنہ نے بتایا کہ CERP نے بہت سے اہم معاملات پر غیر جانبدارانہ مطالعے کرائے ہیں جن سے ملکی معاملات میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی کے لیے غیر جانبدارانہ اعداد و شمار ناگزیر ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ نے خواتین کو معیشت کے مرکزی دھارے کا حصہ بنانے کے لیے ان کی تحقیق کے مطابق پالیسیاں تشکیل دیں جن کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔
مہر ٹوآنہ نے کہا کہ CERP نے کراچی، سیالکوٹ اور دیگر شہروں کے بہت سے مسائل پر مطالعہ کرایا ہے جبکہ بیوروکریٹس کی تربیت کے لیے بھی کورس کرائے جا رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں مہر ٹوآنہ نے بتایا کہ فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سرکلر سٹی قرار دینے کے بارے میں مطالعہ کرایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی فنڈنگ دے کر CERP سے مسائل کی نشاندہی کرائی جا سکتی ہے جبکہ بعد میں عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی فنڈنگ اداروں سے بھی مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
CERP کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر عارف احسان ملک نے کہا کہ جدید عالمی معیشت میں صنعتی ترقی کے لیے ڈیٹا، مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔
عارف احسان ملک نے کہا کہ فیصل آباد کی صنعتوں کو عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے قیمتوں کے تعین، پیداواری عمل اور سپلائی چین کے فیصلے مستند ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کرنا ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا اہم صنعتی اور برآمدی مرکز ہے جو قومی برآمدات میں 15 فیصد جبکہ جی ڈی پی میں 20 فیصد کا حصہ ڈال رہا ہے۔
صدر چیمبر نے CERP اور فیصل آباد چیمبر کے درمیان مشترکہ صنعتی ڈیٹا بیس کی تیاری اور منتخب صنعتی اداروں میں AI پر مبنی پائلٹ منصوبوں کے آغاز کی تجویز پیش کی۔
انھوں نے صنعتی مسائل پر مشترکہ تحقیق، SMEs کے لیے تربیتی پروگراموں اور مستقل ریسرچ اینڈ پالیسی ڈائیلاگ کے قیام کی تجاویز بھی پیش کیں۔
صدر چیمبر نے کہا کہ تحقیق کو محض رپورٹس تک محدود رکھنے کے بجائے اسے قابلِ عمل منصوبوں اور مؤثر حکومتی پالیسیوں میں تبدیل کرنا ہوگا۔
“تحقیق کو محض رپورٹس تک محدود رکھنے کے بجائے اسے قابلِ عمل منصوبوں اور مؤثر حکومتی پالیسیوں میں تبدیل کرنا ہوگا۔”
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں جاوید اقبال نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی کیپسٹی بلڈنگ کی ضرورت ہے جس کے لیے چیمبر ہر وقت تعاون کے لیے تیار ہے۔
میاں جاوید اقبال نے بتایا کہ فیصل آباد میں بڑے صنعتی اداروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے یونٹ بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جن کے مسائل الگ الگ نوعیت کے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ای سیکٹر مالی وجوہات کی بنا پر ایسے مسائل کے حل کے لیے فنڈنگ نہیں کر سکتا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایسے مسائل کے مضمرات کے حوالے سے عالمی فنڈنگ حاصل کی جا سکتی ہے تاکہ لوگوں کے معیار زندگی میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔
میاں جاوید اقبال نے صدر چیمبر عارف احسان ملک کے وژن کی بات کی جو فیصل آباد کو ٹیکسٹائل کے حوالے سے سرکلر سٹی بنانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ری سائیکلنگ سے ماحول پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔
انھوں نے بتایا کہ پورے پاکستان کے 60/65 فیصد ٹیکسٹائل ویسٹ کو فیصل آباد میں ری سائیکل کر کے دوبارہ قابل استعمال بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ یونٹ غیر منظم شعبے میں ہونے کی وجہ سے اب تک حکومت کی توجہ حاصل نہیں کر سکا تاہم اس مسئلے پر جامع مطالعے کی ضرورت ہے۔
میاں جاوید اقبال نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کی طرف سے صدر عارف احسان ملک اس پراجیکٹ کو دیکھ رہے ہیں جبکہ CERP کو بھی اس حوالے سے اپنا فوکل پرسن نامزد کرنا ہوگا تاکہ معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
سوال و جواب کی نشست میں ڈاکٹر حبیب اسلم گابا، محمد اظہر چوہدری، وحید خالق رامے، انجینئر بلال جمیل، محمد مغیث، عاصم حبیب، محمد آصف اور محمد سلمان نے حصہ لیا۔
آخر میں میاں جاوید اقبال نے صدر عارف احسان ملک کے ہمراہ CERP کی ڈائریکٹر محترمہ مہر ٹوآنہ کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر CERP کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر محترمہ جہاں آرا امین بھی موجود تھیں۔
Author Profile

Latest Entries
فیصل آبادنومبر 11, 2026ڈپٹی کمشنر کا ون ویک ون تحصیل پروگرام کے تحت تاندلیانوالہ کا دورہ
فیصل آبادنومبر 11, 2026ایف ڈی اے کے دیرینہ نادہندگان کی جائیدادیں سربمہر ہوں گی، سو فیصد وصولی کا ہدف مقرر
فیصل آبادنومبر 11, 2026سموگ پر قابو کے لیے سخت اقدامات، کھلا تعمیراتی سامان بیچنے والی دکانیں سیل ہوں گی
چنیوٹنومبر 11, 2026چنیوٹ: لاہور روڈ پر ٹریفک آگاہی کیمپ، ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر کا دورہ








