اہم نکات:
- کمشنر کی تجویز: تحصیل سٹی کا نام لائلپور اور تحصیل صدر کا نام ساندل رکھا جائے۔
- احتشام الحق: نام رکھنا بیوروکریسی کا نہیں، اہلِ قلم کا کام ہے؛ نام بدلنے سے ترقی نہیں آتی۔
- خادم حسین گِل: تحصیل دفاتر میں مبینہ کرپشن اور بے جا چکر ختم کیے جائیں؛ ملاوٹ اور مہنگائی مافیا کے خلاف کارروائی اصل کام ہے۔
- حسام احمد: ناموں کی بحث بےتکی ہے؛ پہلے سہولیات اور انتظامیہ درست کی جائیں۔
- 1977 میں لائلپور کا نام شاہ فیصل کے نام پر فیصل آباد رکھا گیا تھا؛ شہری تاریخی ناموں کے خلاف نہیں، دفاتر کے اندر کا نظام بدلنا چاہتے ہیں۔
نام بدلنے کی تجویز پر فیصل آباد کے صحافیوں نے انتظامیہ کی ترجیحات پر سوالات اٹھا دیے ہیں ۔
پاکستان کے تیسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد میں ان دنوں سوشل میڈیا سے لے کر چائے خانوں اور صحافتی حلقوں تک ایک نئی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ یہ تجویز 21 نومبر کو سامنے آئی تھی۔
موضوع شہر کی دو اہم تحصیلوں ’صدر‘ اور ’سٹی‘ کے نام تبدیل کر کے انہیں ’لائلپور‘ اور ’ساندل‘ رکھنے کی تجویز ہے۔ خط نمبر 14/PS/COMM/2026 میں یہ تجویز ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر عمران حامد نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کو دی تھی۔
بظاہر یہ محض دو انتظامی اکائیوں کے ناموں کی تبدیلی کی ایک تجویز ہے، لیکن اس اقدام نے شہر میں تاریخی شناخت کی بحث کو ہوا دے دی ہے۔
دوسری طرف شہریوں اور مقامی صحافیوں میں یہ سوال جنم لے رہا ہے کہ شہر کے اصل مسائل سڑکوں، ہسپتالوں اور مہنگائی میں ہیں یا سرکاری ریکارڈ پر درج ناموں میں؟
سوشل میڈیا پر جذباتی ردِعمل اور تاریخی شناخت کا معاملہ
خط کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے ملا جلا مگر شدید ردِعمل سامنے آیا۔
ایک طبقے نے شہر کے قدیم نام ’لائلپور‘ اور خطے کی تاریخی پہچان ’ساندل بار‘ کی واپسی کو خوش آئند قرار دیا۔
متعدد صارفین نے اسے شہر کی موجودہ شناخت ’فیصل آباد‘ کو مٹانے کی کوشش سے تعبیر کرتے ہوئے احتجاج کی بات بھی کی۔
’نام رکھنا بیوروکریسی کا نہیں، اہلِ قلم کا کام ہے‘
احتشام الحق
فیصل آباد کے سینیئر صحافی
فیصل آباد کے سینیئر صحافی احتشام الحق اس معاملے کو انتظامی اختیارات کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک نام تبدیل کرنا یا تجویز کرنا سرے سے حکومت یا بیوروکریسی کا دائرہ کار ہی نہیں ہونا چاہیے۔
’یہ اختیار تو ادبی اور ثقافتی حلقوں کا ہونا چاہیے۔ یہاں ہر نیا آنے والا ڈپٹی کمشنر اپنی مرضی سے کوئی نام رکھ دیتا ہے، اور اگلا افسر آ کر اسے بدل دیتا ہے۔ ماضی میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور خود شہر کے نام کے ساتھ بھی یہی تجربات ہوتے رہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے شہر کے انتظامی معاملات درست کر لیے ہیں جو اب نام بدلنے نکلے ہیں؟‘
احتشام الحق کا ماننا ہے کہ آپ تحصیلوں کا نام صدر اور سٹی رکھیں یا لائلپور اور ساندل، اس سے عام شہری کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
’نام بدلنے سے ترقی نہیں آتی۔ بیوروکریسی کا اصل کام عوام کو سہولت فراہم کرنا اور مالی و انتظامی معاملات کو بہتر بنانا ہے، نہ کہ ناموں کی تبدیلی میں وقت ضائع کرنا۔‘
کاغذی کارروائیاں بمقابلہ زمینی حقائق
خادم حسین گِل
صحافی، اب تک نیوز
اس بحث کا ایک اور پہلو عام شہریوں کے روزانہ کے مسائل اور سرکاری دفاتر کی کارکردگی ہے۔ اب تک نیوز سے وابستہ صحافی خادم حسین گِل اس تجویز پر سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب لوگ مہنگائی اور غربت سے تنگ آ کر انتہائی اقدامات اٹھا رہے ہیں اور سماجی مسائل بڑھ رہے ہیں، سرکاری افسران کی ترجیحات سمجھ سے بالاتر ہیں۔
’ہم شہر کی خوبصورتی یا تاریخی ناموں کے خلاف نہیں، لیکن جن ناموں سے لوگ دہائیوں سے مانوس ہو چکے ہیں، انہیں چھیڑ کر ہم کون سا معرکہ سر کر لیں گے؟‘
’اصل کام یہ ہے کہ تحصیلوں میں زمینوں کے معاملات پر عوام کو جو مبینہ کرپشن اور بے جا چکروں کا سامنا ہے، اسے ختم کیا جائے۔ کاغذوں میں تو سرکاری کارروائیاں آسمان کو چھو رہی ہوتی ہیں، لیکن زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ اگر افسران اپنی تمام تر توجہ ملاوٹ اور مہنگائی مافیا کے خلاف کارروائی اور عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز کر لیں، تو لوگ ان کے کاموں کو خود ہی یاد رکھیں گے، کسی نام کی تبدیلی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔‘
ہم شہر کی خوبصورتی یا تاریخی ناموں کے خلاف نہیں، لیکن جن ناموں سے لوگ دہائیوں سے مانوس ہو چکے ہیں، انہیں چھیڑ کر ہم کون سا معرکہ سر کر لیں گے؟
’یہ ایک بےتکی بحث ہے‘
حسام احمد
بیورو چیف، پبلک نیوز
پبلک نیوز کے بیورو چیف حسام احمد اس تمام بحث کو غیر ضروری سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ لائلپور یقیناً ایک خوبصورت اور تاریخی نام تھا جسے ماضی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے تھا۔
اب دہائیوں بعد ناموں کی تبدیلی کی بحث چھیڑنے کے بجائے شہر کی تعمیر و ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
حسام احمد کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کی پوسٹیں شیئر ہو رہی ہیں اور لوگ ’انگریز دور کا نام‘ یا ’ہماری شناخت فیصل آباد‘ جیسے نعروں پر تقسیم ہو رہے ہیں، یہ ایک بےتکی بحث ہے۔
’فیصل آباد ٹیکسٹائل سٹی اور پاکستان کا مانچسٹر کہلاتا ہے، لیکن ہم آج تک اس شہر کو بنیادی سہولیات اور بہتر انتظامی ڈھانچہ نہیں دے سکے۔ ہم ابھی تک پارکوں کی حالت بہتر نہیں کر پائے، انفراسٹرکچر ادھورا ہے، حتیٰ کہ اس بات پر بھی الجھے ہوئے ہیں کہ شہر کی نہر پر کتنے پل بننے چاہییں۔ ایسے میں ناموں کی بحث چھیڑنا اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے۔‘
اصل سوال کیا ہے؟
فیصل آباد کی انتظامی تاریخ میں ناموں کی تبدیلی کوئی نیا واقعہ نہیں۔ سنہ 1977 میں لائلپور کا نام تبدیل کر کے سعودی فرمانروا شاہ فیصل کے نام پر فیصل آباد رکھا گیا تھا۔
تاہم، اس بار تحصیلوں کی سطح پر پرانے تاریخی حوالوں کو زندہ کرنے کی کوشش نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
مقامی صحافیوں اور شہریوں کی آراء سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ شہر کے باسیوں کو تاریخی ناموں سے کوئی بیر نہیں ہے۔
وہ یہ ضرور چاہتے ہیں کہ سائن بورڈز پر الفاظ بدلنے سے پہلے ان دفاتر کے اندر کا نظام بدلا جائے جہاں عام آدمی اپنے بنیادی کاموں کے لیے گھنٹوں انتظار کرتا ہے۔
Author Profile
Latest Entries
خصوصینومبر 26, 2026شناخت کی نئی بحث یا انتظامیہ کی ترجیحات؟
خصوصینومبر 25, 2026فیصل آباد: لائلپور اور ساندل کے نام پر سوشل میڈیا بٹ گیا
فیصل آبادنومبر 24, 2026ایک ڈاکو، لائلپور اور پھر فیصل آباد: کہانی کیسے بدلی؟
پنجابنومبر 22, 2026خاندانی دشمنیاں اور گھر گھر اسلحہ: اعداد و شمار کے پیچھے چھپا خونیں المیہ
فیصل آباد: تحصیل سٹی لائلپور اور صدر ساندل بن سکتی ہیں





