0

خاندانی دشمنیاں اور گھر گھر اسلحہ: اعداد و شمار کے پیچھے چھپا خونیں المیہ

مطالعے کا وقت: 6 منٹ

اہم نکات:

  • خاندانی دشمنیاں اسٹریٹ کرائم کی طرح جان لیتی ہیں، مگر ان کے تدارک کی کوئی حکمتِ عملی نہیں ہے۔
  • انصاف میں تاخیر شہریوں کو بندوق اٹھانے اور خود فیصلہ کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔
  • ضابطہ فوجداری کی دفعات 107 اور 151 کے تحت پولیس متنازع فریقین کو امن برقرار رکھنے کا پابند بنا سکتی ہے۔
  • ریاست کو پنجاب بھر میں شہریوں سے لائسنس یافتہ اور غیر قانونی اسلحہ واپس لینا چاہیے۔
  • محلہ کمیٹیوں، پنچایتوں، عمائدین، اساتذہ اور علماء کو ذہنیت بدلنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

گلیوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں ہونے والی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے پنجاب پولیس بھرپور کوششیں کر رہی ہے، اور باقاعدہ اعداد و شمار بھی جاری کیے جا رہے ہیں کہ جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔

تاہم، گھروں کے اندر، خاندانوں اور گلی محلوں میں پلنے والی دشمنیاں، جن کے باعث قتل و غارت گری ہو رہی ہے، لوگ زخمی اور اپاہج ہو رہے ہیں، بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہو رہی ہیں، ان کے تدارک کے لیے کیا حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے؟ تاحال اس کے کوئی واضح آثار دکھائی نہیں دیتے۔

گزشتہ چند دنوں کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں غیرت کے نام پر، یا پرانی، خاندانی اور جائیداد کی دشمنیوں کے سبب متعدد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

صرف اسی ہفتے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یہ بات سامنے آئی کہ ایک شخص اپنی بیوی کو دریا میں ڈبو کر قتل کرنے اور موت کو خودکشی ظاہر کرنے کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے، اور جڑانوالہ میں پرانی دشمنی پر تین افراد گھر میں گھس آئے اور ایک شخص ڈنڈے کے وار سے جاں بحق ہو گیا۔

اگر پولیس اسٹریٹ کرائمز کے خلاف سرگرم ہے، تو ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ یہ معاشرے کا وہ ناسور ہے جو کئی دہائیوں سے موجود ہے، اور شہری اس سے اتنا ہی، بلکہ بعض صورتوں میں اس سے بھی زیادہ، نقصان اٹھا رہے ہیں جتنا وہ گلیوں، بازاروں، چوک چوراہوں یا مارکیٹوں میں لُٹ کر اٹھاتے ہیں۔

جب کسی گھر کا واحد کفیل ذاتی دشمنی کی بھینٹ چڑھ جائے، تو اس خاندان کا پرسانِ حال کون ہوگا؟ یہ کرب وہی جانتا ہے جس پر گزرتی ہے؛ الفاظ میں اس شدت کو بیان کرنا ممکن نہیں کہ روزانہ ان متاثرہ خاندانوں اور یتیم بچوں پر کیا بیتتی ہے۔

خاندانی دشمنی یا پرانی رنجش اچانک جنم نہیں لیتی؛ اسے پروان چڑھنے میں مہینوں یا برسوں لگتے ہیں۔ یہ ممکن نہیں کہ محلے داروں، اردگرد کے لوگوں یا متعلقہ علاقے کی پولیس کو اس کا علم نہ ہو۔

اس آگ کو بھڑکانے میں ہمارے نظامِ انصاف کی سست روی کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔ زمین، جائیداد یا معمولی تنازعات کے مقدمات سالہا سال عدالتوں میں لٹکے رہتے ہیں، اور جب شہری بروقت انصاف سے مایوس ہو جاتے ہیں، تو وہ صبر کا دامن چھوڑ کر خود ہی فیصلہ کرنے کے لیے بندوق اٹھا لیتے ہیں۔

مزید برآں، جدید دور میں سوشل میڈیا نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے؛ معمولی تلخ کلامی یا گھریلو رنجشوں کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اچھالنا اور ایک دوسرے کو للکارنا انا کا مسئلہ بن جاتا ہے، جو بالآخر خونی تصادم پر منتج ہوتا ہے۔

جو فریقین ایک دوسرے کے خلاف مقدمات لڑ رہے ہیں اور عدالتوں میں آمنے سامنے ہیں، ان کے درمیان کسی بھی وقت تصادم ہو سکتا ہے۔ قانون میں پہلے سے ضابطہ فوجداری کی دفعات 107 اور 151 جیسی انسدادی شقیں موجود ہیں جن کے تحت پولیس متنازع فریقین کو امن برقرار رکھنے کا پابند بنا سکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان دفعات کو محض خانہ پری کے بجائے سنجیدگی سے نافذ کیا جائے تاکہ شہری اپنا حق قانونی طریقے سے ضرور مانگیں، مگر قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

جب تک اس جانب ٹھوس اقدامات نہیں کیے جاتے، پولیس کی دیگر کاوشوں کو بھی اس طرح قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا جائے گا، کیونکہ خون کی اس ہولی کو روکنے کے لیے پولیس ہی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں ایک مؤثر مہم چلا کر شہریوں سے اسلحہ واپس لینے کی بھی اشد ضرورت ہے، چاہے وہ لائسنس یافتہ ہو یا غیر قانونی۔ جب ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے، تو عام شہریوں کے پاس اسلحہ رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہنا چاہیے۔

“جب ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے، تو عام شہریوں کے پاس اسلحہ رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہنا چاہیے۔”

جس طرح صوبے میں ‘ڈالا کلچر’ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جہاں بااثر افراد مسلح محافظ ساتھ لے کر چلتے اور خوف پھیلاتے تھے، اور اس کے باوجود وہ افراد آج محفوظ ہیں، تو پھر ہر گھر میں جائز و ناجائز اسلحہ موجود رہنے کی کیا وجہ ہے؟ اگر ریاست بااثر طبقے کو تحفظ دے سکتی ہے، تو گلی محلے کے عام شہریوں کو بھی یہ اعتماد دلایا جا سکتا ہے کہ ان کی جان و مال کی حفاظت اب ریاست کی ذمہ داری ہے۔

جہاں کہیں بھی انتظامیہ کو یہ نظر آئے کہ دو خاندان، ہمسائے یا افراد قانونی محاذ آرائی میں الجھے ہوئے ہیں، وہاں انہیں تادیبی طور پر قانون کا اس قدر پابند بنایا جائے کہ قانون ہاتھ میں لینے پر سخت ترین کارروائی عمل میں آئے۔ جب تک معاشرے میں سخت قانونی گرفت کا واضح پیغام نہیں دیا جائے گا، تب تک یہ خونریزی، جس میں کبھی کوئی خاتون قتل کر دی جاتی ہے، کبھی بھائی، کبھی باپ بیٹا اور کبھی چچا بھتیجا مارے جاتے ہیں، نہیں رکے گی۔

اس ناسور کے خاتمے کے لیے محض سخت قوانین کافی نہیں، بلکہ سماجی سطح پر بھی ذہنیت بدلنا ہوگی۔ حکومت کو چاہیے کہ محلہ کمیٹیاں تشکیل دے اور پنچایتی نظام کو فعال بنائے، بشرطیکہ یہ نظام افسران یا پولیس کی روایتی سستی یا سرخ فیتے کی نذر ہونے کے بجائے حقیقی معنوں میں مؤثر ثابت ہو۔

اس کے ساتھ ساتھ مقامی عمائدین، اساتذہ اور مساجد کے علماء کو بھی آگے آنا ہوگا تاکہ معاشرے میں برداشت، درگزر اور صلح جوئی کی فضا قائم کی جا سکے۔ اگر انسانی زندگیوں کو واقعی محفوظ بنانا ہے تو عملی قدم اٹھانا ناگزیر ہے؛ وگرنہ محض اعداد و شمار کے ذریعے حکام کو مطمئن رکھنے کی روش برقرار رہی، تو یونہی گھر اجڑتے رہیں گے، عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہوتے رہیں گے۔

Read in English

Author Profile

Saleem Mubarak
Emotion Map:
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
↑